میٹا نے فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کے لیے ایک مشترکہ سپورٹ ہب متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے دونوں پلیٹ فارمز کی معاونت ایک ہی جگہ دستیاب ہوگی۔ کمپنی کے مطابق اس نئے مرکز کا مقصد صارفین کے لیے مدد حاصل کرنے کے عمل کو نہ صرف آسان بنانا ہے بلکہ بکھری ہوئی معلومات اور سیٹنگز کو ایک جگہ یکجا کرنا بھی ہے۔
میٹا نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ نیا سپورٹ ہب اکاؤنٹ سے متعلق مسائل رپورٹ کرنے کا طریقہ تیز اور مؤثر بنائے گا، جبکہ صارفین اپنی مشکلات کا حل پہلے سے کہیں زیادہ جلد تلاش کرسکیں گے۔
یہ فیچر فیس بک اور انسٹاگرام کے صارفین کے لیے عالمی سطح پر iOS اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ میٹا نے ایک نیا اے آئی سپورٹ اسسٹنٹ پیش کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کی ابتدا فیس بک پر ٹیسٹنگ سے ہوگی اور بعد ازاں اسے کمپنی کی دیگر ایپس تک توسیع دی جائے گی۔
مزید یہ کہ کمپنی اکاؤنٹ ریکوری کے موجودہ نظام کو بھی مزید آسان اور مؤثر بنانے پر کام کر رہی ہے، تاکہ صارفین کو لاگ اِن مسائل کے دوران بہتر اور تیز سہولت فراہم کی جا سکے۔
ایسے صارفین جن کے اکاؤنٹ حادثاتی طور پر یا ہیک ہونے کی وجہ سے لاک ہو جاتے ہیں، وہ اب انہیں آسانی سے ریکور کرسکیں گے۔
میٹا نے بتایا کہ اکاؤنٹ ریکوری کے عمل کی رہنمائی زیادہ واضح اور سادہ ہوگی، جس کا انحصار صورتحال پر ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے صارفین کو ایسے نکات بھی تجویز کیے جائیں گے جن سے وہ اکاؤنٹس کو زیادہ محفوظ بناسکیں گے۔