ایکس پر مشہور شخصیات کی فین فالوونگ کم ہونے لگی، اصل کہانی کیا ہے؟

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مشہور شخصیات نے اچانک فالوورز کی تعداد میں کمی کی شکایات کی ہیں فائل فوٹو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مشہور شخصیات نے اچانک فالوورز کی تعداد میں کمی کی شکایات کی ہیں

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کئی صارفین، بشمول مشہور شخصیات، نے اچانک فالوورز کی تعداد میں کمی کی شکایات کی ہیں۔ بالی وڈ کے معروف اداکار انوپم کھیر نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 15 دنوں میں تقریباً 9 لاکھ فالوورز غائب ہو گئے ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں ایکس کے سربراہ ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا، "میں جاننا چاہتا ہوں کہ یہ کمی کیوں ہوئی ہے۔ یہ میرا مشاہدہ ہے، کوئی باقاعدہ شکایت نہیں۔"

اسی طرح ڈونلڈ ٹرمپ اپڈیٹ کے نام سے موجود ایک اکاؤنٹ نے بھی فالوورز کی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ وہ 15 دنوں میں دو ہزار فالوورز سے محروم ہو چکے ہیں۔

بین الاقوامی اسٹارز کے مداحوں نے بھی اس تبدیلی کا مشاہدہ کیا۔ مثال کے طور پر، جسٹن بیبر کے اکاؤنٹ پر اس وقت تقریباً 90 ملین فالوورز ہیں، جبکہ ایک فین نے بتایا کہ پہلے یہ تعداد 95 ملین تھی، جو نمایاں کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق، کئی برانڈز اور مشہور شخصیات اپنی مقبولیت بڑھانے کے لیے ایسے اکاؤنٹس استعمال کرتی ہیں جو جعلی شناخت یا "بوٹس" پر مبنی ہوتے ہیں۔

یہ بوٹ اکاؤنٹس عموماً پلیٹ فارم کی جانچ پڑتال کے دوران ہٹا دیے جاتے ہیں۔

انوپم کھیر کے پیغام کے جواب میں بھارتی فیکٹ چیکر محمد زبیر نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فالوورز میں کمی کی وجہ بوٹس اکاؤنٹس کا ہٹایا جانا ہے۔

ایکس کی ‘بوٹ کلین اپ’ مہم

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے اکتوبر 2025 میں اپنی بوٹ کلین اپ مہم کے تحت لاکھوں جعلی اور غیر فعال اکاؤنٹس کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایکس انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ صارفین کی فالوور لسٹ حقیقی اور فعال اکاؤنٹس پر مشتمل ہو، اور اس میں کوئی خودکار (بوٹ) اکاؤنٹس شامل نہ ہوں۔

اس دوران، ایکس نے 1.7 ملین بوٹس کو ‘تھریڈز’ سے ہٹایا۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام صارفین کی جانب سے کئی ماہ سے بڑھتی ہوئی ریپلائی اسپیم کی شکایات کے بعد اٹھایا گیا، جو وائرل پوسٹس اور ٹرینڈنگ موضوعات کے نیچے گفتگو کو متاثر کر رہا تھا۔

ایکس کے ہیڈ آف پروڈکٹ، نیکیتا بیر نے کہا: "ہم نے 1.7 ملین خودکار اکاؤنٹس کو ریپلائی تھریڈز سے ہٹایا اور اب ڈائریکٹ میسجز میں موصول ہونے والے پیغامات میں بھی بوٹ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کریں گے۔"

یہ اقدام ایلون مسک کی زیر قیادت پلیٹ فارم پر بوٹس کے خلاف سب سے بڑی کارروائیوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ایکس کی شفافیت اور صارفین کا اعتماد برقرار رکھنا ہے۔

ایکس پر فالوورز میں کمی کا سامنا کرنے والوں میں انوپم کھیر یا عام صارفین ہی شامل نہیں بلکہ کئی دیگر شخصیات بھی فالوورز سے محروم ہوئے ہیں۔

ایکس کے فیچر ’گروک‘ کے مطابق کئی مشہور عالمی شخصیات، جن میں جسٹن بیبر، ریانا، کیٹی پیری، ٹیلر سوئفٹ اور کرسٹیانو رونالڈو جیسے بڑے نام شامل ہیں، اس مہم سے متاثر ہوئے ہیں۔

پلیٹ فارم کے مالک ایلون مسک کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ تاہم ایسا لگتا ہے کہ یہ اقدام بھی ایکس کی بوٹ اکاؤنٹس کے خلاف جاری مہم کا ہی حصہ ہے۔

install suchtv android app on google app store