پہلے ہی ون ڈے میں بابر اعظم کتنے لیجنڈز کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں؟

اسٹار بلے باز بابر اعظم فائل فوٹو اسٹار بلے باز بابر اعظم

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کل سے فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں شروع ہو رہی ہے، جہاں قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کئی عالمی لیجنڈز کے ریکارڈز توڑنے کے قریب ہیں۔ سیریز سے قبل بابر اعظم نہ صرف اپنی فارم بحال کرنے کے لیے پرعزم ہیں بلکہ وہ متعدد کرکٹ لیجنڈز کو رنز کے اعتبار سے پیچھے چھوڑنے کے موقع پر بھی موجود ہیں۔

پاکستان ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز برابر کرنے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-2 سے جیتنے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

سابق کپتان بابر اعظم، جو طویل عرصے سے آؤٹ آف فارم تھے، نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 68 رنز کی جارحانہ اور میچ وننگ اننگ کھیل کر ایک بار پھر شائقین اور ٹیم مینجمنٹ کی توقعات بڑھا دی ہیں۔

بابر اعظم اب تک 134 میچز کی 131 اننگز میں 19 سنچریاں بنا چکے ہیں۔ اگر وہ پہلے ون ڈے میں سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو وہ اپنے ہم وطن لیجنڈ سعید انور کے برابر آ جائیں گے، جنہوں نے 247 میچز کی 244 اننگز میں 20 سنچریاں بنائی تھیں — یہ ریکارڈ گزشتہ 22 سال سے سعید انور کے نام ہے۔

بابر سنچری بنا کر نہ صرف سعید انور کے برابر آ جائیں گے بلکہ عالمی سطح پر برائن لارا، مہیلا جے وردھنے اور جو روٹ جیسے بڑے ناموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔

اگر وہ سنچری نہ بھی بنا سکے لیکن نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے تو یہ ان کی 57ویں ففٹی پلس اننگ ہوگی، جس کے بعد وہ سر ویوین رچرڈز اور سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ جیسے بلے بازوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔

اس اننگ کے ساتھ ہی بابر اعظم سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ، سابق کیوی کپتان اسٹیمن فلیمنگ، ناتھن ایسٹل اور مارٹن گپٹن کو جوائن کر لیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے سیریز فیصل آباد میں کھیلی جائے گی۔ تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ اور بالترتیب 4، 6 اور 8 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

اسپورٹس تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ سیریز بابر اعظم کے کیریئر کے ایک اور بڑے موڑ کی حیثیت رکھتی ہے، اگر وہ یہاں رنز بنانے میں کامیاب رہے تو نہ صرف قومی ٹیم کا بیٹ لگے گا بلکہ ان کی عالمی رینکنگ بھی ایک بار پھر بلندیوں کی طرف گامزن ہو سکتی ہے۔

install suchtv android app on google app store