ٹی 20 میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی پر ہیڈ کوچ محمد حفیظ بھی بول پڑے۔
ٹی 20 کرکٹ میں بابر اعظم اور محمد رضوان اوپننگ کرتے ہیں ورلڈکپ 2022 میں بھارت کے خلاف 10 وکٹوں سے فتح میں بھی دونوں بیٹرز کا اہم کردار رہا ہے لیکن پھر بھی اسٹرائیک ریٹ کو لے کر سابق کھلاڑیوں کی جانب سے دونوں پر تنقید کی جاتی ہے۔
اب اس معاملے پر قومی ٹیم کے ڈائریکٹر و ہیڈ کوچ محمد حفیظ کا بیان بھی آگیا ہے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ ذاتی طور پر میں بابر اور رضوان کی 2022 کی کارکردگی کے بعد ان کے حق میں تھا کہ انہیں ہی جاری رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ٹی 20 کے بہت اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ٹی 20 کرکٹ میں جدت آتی جارہی ہے اور پاور ہٹنگ میں جتنا بھی اضافہ کرتے جائیں گے وہ آج کل کی ماڈرن کرکٹ میں ضرورت ہے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ بابر اور رضوان اچھا کردار ادا کررہے ہیں لیکن صائم ایوب کی ہم نے جھلک دیکھی ہے وہ اچھے کھلاڑی ہیں۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم انہیں نمبر تین پر کھلا سکتے ہیں ایک اوپنر ایکدم سے نمبر پر چار پر نہیں کھیل سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا تھا کہ بابر اور رضوان کو ٹی 20 میں اوپنرز نہیں رکھوں گا ان کی جگہ فخر اور صائم بطور اوپنر ہوسکتے ہیں۔