بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے شاہین شاہ آفریدی کی پرفارمنس کو پاکستان کیلئے بابراعظم سے زیادہ اہم قرار دیدیا۔
ایک انٹرویو میں بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے بتایا کہ شاہین آفریدی ابتدائی اوورز میں پاکستانی ٹیم کیلئے وکٹ ٹیکر بالر ہیں، ایشیاکپ کے دوران دیکھا اگر فاسٹ بولر کو وکٹ نہ ملے تو پاکستان بیک فٹ پر آجاتا ہے جبکہ مڈل اوورز میں بھی پاکستان کے اسپنرز وکٹیں نہیں لے پارہے ہیں جس کا انہیں نقصان اُٹھانا پڑرہا ہے۔
انہوں نے نسیم شاہ کی انجری پر کہا کہ ورلڈکپ کے اہم میچز کے دوران پاکستان فاسٹ بولر کی کمی کو بہت زیادہ محسوس کرے گا۔
ہرشا بھوگلے نے اوپنر فخر زمان کی خراب فارم کو دیکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امام الحق اور عبداللہ شفیق کیساتھ اوپننگ کیلئے جانا چاہیے تاہم کمنٹیٹر نے مڈل آرڈر اور اسپن بولنگ پر شکوک کا اظہار کیا۔
انہوں نے سوال کیا کہ سلمان آغا، افتخار احمد اور سعود شکیل اچھے کھلاڑی ہیں لیکن کیا آپ ورلڈکپ جیتنے کیلئے ان پر بھروسہ کرسکتے ہیں؟ یہ دیکھنا ہوگا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا، قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کیخلاف کھیلے گی۔