صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی میں رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکےکے نتیجے میں دو رینجرز اہلکاروں سمیت تین افراد شہید ہوگئے اور سکھر سے گھوٹکی آنے والی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی الٹنے سے ایک اہلکار چل بسا ہے۔
گھوٹکی ریلوے اسٹیشن کے قریب رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، پولیس کے مطابق رینجرز اہلکار گھوٹا مارکیٹ کے قریب گوشت خرید رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوگیا، دھماکے سے دو رینجرز اہلکار ظہور اور فیاض شہید ہوگئے جبکہ ایک ریلوے کا سابق ملازم غلام مصطفیٰ بھی جاں بحق ہوا ہے،دھماکے میں رینجرز اہلکار امتیاز اور شہری شمن کھوسو زخمی بھی ہوئے جن کی حالت خطر ے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب سکھر سے گھوٹکی آنے والی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی، تیز رفتاری کے باعث گاڑی قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جاگری جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا جبکہ چار زخمی ہوگئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے اور حکم دیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ دی جائے۔