اسلام آباد کے جی الیون سیکٹر کی کچہری میں کھڑی ایک گاڑی میں ہونے والے دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ منگل کی دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے کچہری کے احاطے میں کھڑی گاڑی میں زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور تک سنائی دی۔
دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے قریب موجود دیگر گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں وکلا اور سائلین دونوں شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت کچہری میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جس کے باعث زیادہ افراد متاثر ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔