فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری کے اندر بوائلر پھٹنے کا نہایت دلخراش واقعہ پیش آیا، جس میں 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ فیکٹری کے اردگرد کے کئی گھروں کی چھتیں زمین بوس ہو گئیں۔دھماکے کے نتیجے میں فیکٹری سے ملحقہ ایک گھر کی چھت گرنے سے میاں، بیوی اور ان کے دو بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق افراد میں چھ بچے، دو خواتین، دو بزرگ اور فیکٹری کا ایک ملازم بھی شامل ہے۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے لاشیں نکالنے میں حصہ لیا۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر امدادی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ مزید لوگ بھی ملبے میں دبے ہوسکتے ہیں، اسی لیے سرچ آپریشن مزید تیز کردیا گیا ہے۔
کمشنر راجہ جہانگیر انور کے مطابق ملک پور میں چار فیکٹریاں ایک ساتھ جڑی ہوئی تھیں۔ ایک فیکٹری میں گیس لیکج کے باعث آگ بھڑکی، جو دیکھتے ہی دیکھتے دیگر فیکٹریوں تک پھیل گئی۔ فیکٹریوں کے ساتھ منسلک سات مکانات بھی متاثر ہوئے۔
کمشنر نے بتایا کہ اب تک 15 جاں بحق افراد کو نکالا جا چکا ہے۔ 10 زخمیوں کو الائیڈ اسپتال ون منتقل کیا گیا، جن میں سے 3 افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا، 3 کو برن یونٹ، 2 کو آرتھوپیڈک وارڈ اور 2 کو سرجیکل وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب واقعے کی ہرباریکی سے نگرانی کر رہی ہیں۔ زخمیوں کو لاہور یا کراچی منتقل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے، تاہم فی الحال اس کی ضرورت نہیں کیونکہ تمام ضروری ادویات اور طبی وسائل دستیاب ہیں۔