کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر کونسا سخت قدم اٹھانا ضروری ہے؟ مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کو بتادیا

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب فائل فوٹو ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ہمیں ابھی بھی انٹری پوائنٹس پر سخت اسکریننگ کی ضرورت ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے نجی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں وبا سے متعلق پتا چلا تو اقدامات شروع کردئیے تھے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اس لیے بڑھ رہی ہے کہ لوگوں کو تلاش کررہے ہیں، لوگوں کو تلاش کرکے آئسولیٹ کررہے ہیں تاکہ وبا مزید نہ بڑھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ خود صورتحال مانیٹر کررہے ہیں، تمام معاملات کو مانیٹر کرنے کی ضرورت ہے، وزارت صحت سندھ بھی پوری طرح متحرک ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان، وزرائے اعلیٰ کو فرنٹ پر آنے کی ضرورت ہے، تفتان بارڈر پر صورتحال تشویش ناک ہے، قرنطینہ اقدامات بہتر نہیں ہیں جس کی وجہ سے وائرس بڑھا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ تفتان پر قرنطینہ بہتر ہوتا تو وائرس دوسرے صوبوں میں نہ پھیلتا، کراچی ایئرپورٹ کے ذریعے گزشتہ 24 گھنٹے میں 5 ہزار افراد پہنچے ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ میں کورونا وائرس کے ہر کیس پر فوری آگاہ کریں گے: وزیراعلیٰ سندھ

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اور سندھ میں نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کی تعداد 184 ہوگئی ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہری رات دیر تک گھومتے رہیں گے تو ہوٹلز اور ریسٹورنٹس مکمل بند کردیں گے تاہم کریانے کی دکانیں کسی بھی صورت بند نہیں ہوں گی۔

install suchtv android app on google app store