وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کے تمام متاثرین کی بحالی کریں گے۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر حسین ، سعید غنی، میئر اور دیگرشریک ہوئے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کے ورثا میں امداد کی فراہمی کل سے شروع ہوجائے گی ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنےپر شدید دکھ ہے، جانی نقصان کا مطلب ہے کہ کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں، تمام متاثرین چلتے ہوئے کاروبار سےبے روزگار ہوگئے، میں چاہتا ہوں تمام متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کروں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کا بار بار فون آ رہا ہے، پیپلز پارٹی قیادت چاہتی ہے کہ گل پلازہ کے تاجروں کو فوری بحال کیا جائے، پلازہ کے تمام متاثرین کو بحال کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کس طرح تمام متاثرین کی بحالی ہو، اس کا فیصلہ کرنا ہے، بتایاجارہاہےکہ گل پلازہ میں 1200 دکانیں ہیں، یعنی 1200 متاثرین ہیں۔انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنا بہت بڑا واقعہ ہے، فائرفائٹر اور ریسکیو کا عملہ 3جگہوں سے اندر جانے کی کوشش کررہے ہیں، 73 افراد لاپتہ ہیں، کوشش ہے لاپتہ افراد کا پتہ چل جائے۔
اس کے علاوہ مراد علی شاہ نے حکام کو ہدایت کی کہ ملبہ اٹھانے کا کام فوری شروع کریں، آگ لگنے کی فرانزک رپورٹ بنوائیں گےتاکہ معلوم ہو سکے آگ کیسے لگی، گل پلازہ واقعہ میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں کو فوری معاوضہ دینا چاہتا ہوں۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے گل پلازا متاثرین کے لیے کمیٹی قائم کردی۔