کراچی میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران ناکام بناتے ہوئے 2 ہزار کلوگرام سے زائد انتہائی خطرناک بارودی مواد برآمد کرکے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے بتایا کہ پریمیئرانٹیلی جنس ایجنسی کی اطلاعات پر قانون نافذکرنے والے اداروں نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔
کئی دن کی محنت کے بعد ایک دہشتگرد گرفتارکیا گیا، گرفتار ملزم سے تفتیش کی مدد سے گزشتہ رات مزید 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار دہشتگردوں میں جلیل عرف فرید، نیازعرف کنگ اور حمدان عرف فریدشامل ہیں، دہشتگردوں کا کراچی میں سویلین اہداف کونشانہ بنانے کا پلان تھا، دھماکا خیزمواد افغانستان سے بلوچستان اور پھر کراچی لایاگیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی کے باعث شہر کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔ ہم کراچی کو محفوظ رکھنےمیں کامیاب ہوئے۔
وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والوں نے بڑی اور کامیاب کارروائی کی، کامیاب آپریشن میں مجید بریگیڈ کےکارندے پکڑے گئے، دہشتگرد نیٹ ورک کے تانے بانے بشیرزیب، کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ سے ملتے ہیں، دہشتگردوں نے کراچی میں سویلین اہداف کونشانہ بنانےکی منصوبہ بندی کررکھی تھی۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف افغانستان میں محفوظ ٹھکانےاستعمال کرتی ہیں، شواہد کے مطابق نیٹ ورک کو ہمسایہ ممالک سے آپریٹ کیا جا رہا تھا، دہشتگرد رہائشی گھروں کو چھپنے اور بارودی مواد تیار کرنے کےلیے استعمال کرتے ہیں۔ گھروں کی کرایہ داری کے نظام پر سخت نگرانی اور مؤثر جانچ ناگزیر ہے۔
وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کو کامیاب کارروائی پر مبارکبادپیش کرتاہوں، دہشتگردوں کی بڑی تباہی پھیلانے کی پلاننگ تھی، بھارت پراکیسز کےذریعے پاکستان سے لڑنے کی کوشش کرتاہے، بھارت کو ہمیشہ ہر محاذ پر شکست ہوئی ہے۔