ملک کے مختلف حصوں میں برف باری کا سلسلہ جاری، سردی کی شدت میں اضافہ

ملک کے مختلف حصوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے فائل فوٹو ملک کے مختلف حصوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے

ملک کے مختلف حصوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، برفباری سے سیاحتی مقام مزید خوبصورت ہوگئے ہیں جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں ہر جانب سفیدی چھا گئی، آسمان سے گرتی برف وادی کے ہر منظر کو حسین بنارہی ہے، سیاح برف میں لپٹے پہاڑوں اور دھند میں چھپی وادی کے نظاروں سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

سیاحوں کا کہنا ہے کہ جاری برفباری کے باعث مالم جبہ کا حسن دوبالا ہو چکا ہےاور یہ لمحات وہ یادیں بن رہے ہیں جو طویل عرصے تک دل میں بسی رہیں گی۔

جنوبی و شمالی وزیرستان کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری اور بارش سے موسم سرد ہوگیا۔

ادھر وادی نیلم میں تیز اور ہلکی برف باری کا سلسلہ وقفے وقفےسے جاری ہے، جاگراں، اپر نیلم، شاردہ، اڑنگ کیل،گریس، تاوبٹ سمیت وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برف باری سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے جبکہ مرکزی شاہراہ نیلم سمیت رابطہ سڑکوں پر پھسلن میں بھی اضافہ ہوگیا۔

دوسری جانب گلگت بلتستان میں چلاس، بابو سر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ پر بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

install suchtv android app on google app store