یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف ایف آئی آر درج نہ ہونے پر کراچی میں وکلا نے بدھ کو سٹی کورٹ میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔
وکلا نے سٹی کورٹ میں کل صبح 11 بجے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ صدرکراچی بار کا کہنا ہےکہ اجلاس کے بعد مزید لائحہ عمل دیں گے۔
اس سے قبل صدر کراچی بار کا کہنا تھا کہ آج صبح پتہ چلا کہ وکلا پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، وکلا کی ایف آئی آر بھی درج کی جانی چاہیے، ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائےگا۔
وکلا کی جانب سے سٹی کورٹ کے سامنے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج بھی کیا گیا جس کے باعث ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔
خیال رہےکہ سٹی کورٹ میں گزشتہ روز یوٹیوبر رجب بٹ پر ہونے والے تشدد کے خلاف 15 سے زائد وکلا پر آج مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمہ رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے تھانہ سٹی کورٹ میں درج کروایا جس میں تشدد، مار پیٹ ،جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ مقدمے میں ریاض علی سولنگی، فتح چانڈیو اور دیگرکو نامزدکیا گیا ہے۔
مقدمے میں بتایا گیا ہےکہ رجب بٹ کے تین لاکھ روپے بھی مار پیٹ کے دوران غائب کردیے گئے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روزیوٹیوبر رجب بٹ اپنی عبوری ضمانت کی سماعت کے لیے سٹی کورٹ پہنچے تھے، اس موقع پر یوٹیوبر ندیم نانی والا بھی ان کے ہمراہ موجود تھےکہ سٹی کورٹ کے احاطے میں وکلا نے مبینہ طور رجب بٹ پر تشدد کیا۔
وکلا کا کہنا ہےکہ گزشتہ پیشی کے بعد یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنے وی لاگ میں وکلا کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی۔
وکلا نے رجب بٹ ، ان کے وکیل اور ایک اور یوٹیوبرکے خلاف مقدمہ درج کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔