سنئیر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کہتے ہیں پیپلز پارٹی عوامی خدمت کی علامت ہے، چیئرمین بلاول بھٹو کے ویژن کے مطابق سیلاب متاثرین کو گھر فراہم کیے ہیں۔ سندھ پیپلز ہاؤسنگ سکیم منصوبے کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا جانا چاہیے، بہت جلد معاش کے نام سے ایک نیا منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا، جو روزگار اور معاشی خودمختاری کے لیے ہوگا۔
راول ہاؤس، راہوکی میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ اسکیم کے تحت سیلاب متاثرین کو تعمیر شدہ گھروں کے مالکانہ حقوق دینے کی ایک بڑی اور اہم تقریب منعقد ہوئی۔
جس میں سندھ کے سینئر صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ اسکیم، نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے۔
منصوبے کے تحت اکیس لاکھ خاندانوں کو مفت مکانات فراہم کیے جا رہے ہیں، صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کہ گھروں کے مالکانہ حقوق متاثرہ خاندانوں کی سربراہ خواتین کے نام پر دیے جا رہے ہیں۔
جس کا مقصد خواتین کو بااختیار بنا نا اور خاندانوں میں استحکام لانا ہے، رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی اور کمشنر حیدرآباد فیاض عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
اس موقع پر غريب خواتین میں مالکانہ حقوق کی اسناد بھی تقسیم کیں گئیں۔