رکن قومی اسمبلی علی وزیر 2 سال بعد جیل سے رہا

رکن قومی اسمبلی علی وزیر 2 سال بعد جیل سے رہا ہو گئے فائل فوٹو رکن قومی اسمبلی علی وزیر 2 سال بعد جیل سے رہا ہو گئے

خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان سے منتخب رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر کو 2 سال سے زائد عرصے بعد کراچی کے سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا۔

علی وزیر کے وکیل قادر خان کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل کو آخری مقدمے میں عدالت کی جانب سے ضمانت ملنے کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی وزیر اس وقت سہراب گوٹھ جا رہے ہیں جہاں پی ٹی ایم نے ان کے اعزاز میں استقبالیے کا انتظام کیا ہے۔

وکیل نے بتایا کہ علی وزیر کو 26 ماہ قبل گرفتار کیا گیا تھا اور اس وقت سے قید کاٹ رہے تھے۔

خیال رہے کہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو 31 دسمبر 2020 کو بغاوت کے مقدمے میں گرفتار کرنے کے بعد کراچی جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

وکیل قادر خان نے بتایا کہ ان کے مؤکل کو جب بھی کسی مقدمے میں بری کیا جاتا تھا یا ضمانت ملتی تو اسی دوران دوسرے مقدمے میں سندھ یا خیبرپختونخوا میں دوسرے مقدمے میں نامزد کردیا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ علی وزیر ایک مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے بری ہوئے اور کراچی میں میں ان کے خلاف قائم دیگر 3 مقدمات میں ضمانت دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رکن اسمبلی کے خلاف 3 مقدمات خیبرپختونخوا میں دائر کیے گئے ہیں، انہیں دو مقدمات میں پہلے ہی ضمانت مل چکی تھی اور تیسرے مقدمے میں آج ضمانت مل گئی ہے۔

install suchtv android app on google app store