عمران خان کے پاس مصدقہ اطلاعات آرہی ہیں کہ ان کی جان کو خطرہ ہے: اسد عمر

سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری اسد عمر فائل فوٹو سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری اسد عمر

سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ عدالتی پیشیوں کی آڑ میں عمران خان کے قتل کی سازش کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ساری جدوجہد ہی قانون کی بالادستی کے لیے ہے، عمران خان کو کسی بھی عدالت میں پیش ہونے پر کوئی اعتراض نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ آج سے 4 ماہ پہلے تک جب بھی عدالت بلاتی تھی تو عمران خان جاتے تھے، عمران خان ایک بار نہیں کئی بار عدالت گئے، عمران خان کو کوئی انا کا مسئلہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ساری جدوجہد ہی قانون کی بالادستی کے لیے ہے، عمران خان کو کسی بھی عدالت میں پیش ہونے پر کوئی اعتراض نہیں۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو معلومات آنا شروع ہوگئی تھیں کہ جان کو خطرہ ہے، آج بھی عمران خان کے پاس مصدقہ اطلاعات آرہی ہیں کہ ان کی جان کو خطرہ ہے، عمران خان پر عدالت میں حملہ کیا جاسکتا ہے، نوٹس دینے کے لیے آنے کی بات کو بھی بہت بڑی خبر بنا دیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جس شوٹر نے عمران خان پر حملہ کیا، اسے تو ویڈیو لنک کی سہولت میسر ہے تو پھر شدید ترین جانی خطرات کا شکار عمران خان کو کیونکر یہ قانونی سہولت میسر نہیں ہوسکتی؟ انہیں بھی ویڈیو لنک پیشی کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کا انتشار اس وقت ملک میں پھیلا ہوا ہے، جس طرح سے آج ملک کا آئین خطرے میں ہے، جس طریقے سے عدالتوں کو نشانہ بنایا جاریا ہے، پورا آئینی نظام خطرے کی لپیٹ می آیا ہے جب کہ ملک میں معیشت کی بدترین صورتحال ہے، ایسی صورتحال پہلے کبھی تاریخ میں نہیں دیکھی گئی، قوم اپنی حقیقی آزادی کے حصول کے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ سیاسی شخصیات کا قتل ہماری تاریخ کا حصہ ہے، عمران خان لاہور ہائی کورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس میں پیش ہوئے، سیکیورٹی کا انتظام نظر نہیں آیا، عمران خان نے پہلے بھی اپنے اوپر قاتلانہ حملہ اور جوابی بیانیہ سے متعلق سازش کو بے نقاب کیا اور اب بھی مصدقہ اطلاعات و شواہد ہیں کہ عدالت پیشیوں کی آڑ میں عمران خان کے قتل کی سازش کی جارہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہر پانچویں گھر میں لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں، آج غریب طبقے کے ساتھ متوسط طبقے کا بھی گزارہ مشکل ہوتا چلا جارہا ہے، کاروبار بند ہو رہے ہیں، ملک پر اس وقت بدترین مہنگائی اور بے روزگاری مسلط ہے لیکن اس امپورٹڈ حکومت کا ہدف صرف عمران خان اور تحریک انصاف ہے۔

install suchtv android app on google app store