وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں مگر کمزور نہ سمجھا جائے، دشمنان پاکستان کو عبرت کا نشان بنائیں گے،ملک کے شہدا ہماری شان اور ماتھے کا جھومر ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں نشان عبرت بن کر بیٹھے ہیں،جب بھی ہم نے ملک کو ترقی کی جانب ڈالا تو سازش کی گئی۔
ہمیں چور ڈاکو کہتے تھے، پھر پتہ چلا انہوں نے خود 190ملین کا ڈاکا ڈالا ہے،آج اس جرم کی سز ا میں جیل کے اندر پڑے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے 24 کروڑ عوام کو دھوکہ دیا،پی ٹی آئی والوں کے لیڈر نے تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ڈالا،پی ٹی آئی والوں کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
ایسے لوگ اپنے چہروں پر نقاب ڈال کر لوگوں کو ڈاکو کہتے ہیں،پی ٹی آئی دور میں وزیراعظم ہاؤس میں کالا جادو چلتا تھا،کیا کالے جادو اور فال نکالنے سے ایٹمی ملک چلتا ہے؟
جو لوگ ان کے پیچھے چلتے ہیں ان کو سوچنا چاہیے،جس شخص نے کبھی یونین کونسل نہیں چلائی، وہ کہتا تھا نیا پاکستان بناؤں گا۔
بانی پی ٹی آئی قیدی نمبر 804 نہیں ،420 ہے،پی ٹی آئی والوں کو اسمبلی میں ایسے شخص کی رہائی کیلئے نعرے لگاتے شرم آنی چاہیے۔