موٹروے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب لاہور سے کراچی آنے والی سلیپر بس میں ٹینکر سے تصادم کے بعد آگ لگ گئی۔
آخری اطلاعات تک حادثے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے،حادثے کے مقام پر موٹروے ایم 5 کئی گھنٹے بند رہی۔
موٹروے حکام کے مطابق ملتان سکھر موٹروے پر ڈائیو سلیپر بس تیز رفتاری کے دوران ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں آئل ٹینکر اور بس کو آگ لگ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران فوری موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود تھی۔ آگ اس قدر شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی۔
ترجمان موٹروے کے مطابق جلتی ہوئی گاڑیوں سے بیشتر مسافروں کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔
ترجمان کے مطابق آئی جی خالد محمود کی ہدایات پر موٹروے پولیس نے ایمرجنسی کراسسز سنٹر بنا دیا ہے۔ ہنگامی کارروائی کے دوران ڈی آئی جی شاہد جواد موقع پر موجود تھے۔ موٹروے پولیس نے جلتی بس 9 مسافروں کو باحفاظت نکال لیا تھا،پولیس نے ڈیڈ باڈیز اور زخمیوں کو نزدیک کے اسپتال پہنچایا۔
لاہور سے رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس 2009 ماڈل کی تھی جو ڈائیوو کمپنی کے تحت چلتی تھی۔ سلیپر بس لاہور سے کراچی کیلئے رات 9 بجے روانہ ہوئی۔
کمپنی ذرائع کے مطابق بس میں دو ڈرائیور سوار تھے۔ تمام اسٹاف نے سکھر میں تبدیل ہونا تھا۔ بس میں کل 24 مسافر سوار تھے۔ جن میں سے دو مسافروں نے حیدرآباد اترنا تھا جبکہ 22 مسافروں نے کراچی جانا تھا۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
بس کے مسافروں میں سے کچھ کے نام موصول ہوئے ہیں۔ لاہور سے ڈائیوو بس سروس کمپنی ذرائع کے مطابق تین افراد انس شاہد اور اشرف کے ٹکٹ ایک ساتھ بک کرائے گئے تھے۔
عدیل اور شاہد کے نام پر تین تین ٹکٹ بک ہیں۔
ایک مسافر شاہد یعقوب کے نام پر چار ٹکٹ بک کرائے گئے۔ حاشر احمد، حسن اور عبدالنافع کے نام پر دو دو ٹکٹ بک کرائے گئے۔
کمپنی ذرائع کے مطابق نوید اشرف، محمد عرفان، زاہد، محمد مدثر، محمداحمد اور ریاض کے نام پر بھی ایک ایک ٹکٹ بک ہے۔
ڈائیوو کمپنی کی سلیپر بس کے 22 مسافروں نے لاہور سے کراچی پہنچنا تھا جبکہ دو مسافروں عثمان اور رئیس نے حیدر آباد اترنا تھا۔