کوہاٹ یونیورسٹی میں بھی نیا ضابطہ لباس لاگو کر دیا گیا

کوہاٹ یونیورسٹی فائل فوٹو کوہاٹ یونیورسٹی

خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات میں ڈریس کوڈ وضع کرنے کا سلسلہ جاری ہے، کوہاٹ یونی ورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں بھی نیا ضابطہ لباس لاگو کر دیا گیا۔

کوہاٹ کی سائنس ٹیکنالوجی یونی ورسٹی نے نیا ڈریس کوڈ جاری کرتے ہوئے طالبات کے لیے سفید شلوار اور آستینوں والی قمیض لازمی قرار دے دی ہے۔

یونی ورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طالبات سفید شلوار اور آستینوں والی قمیض پہنیں گی، جب کہ قمیض کے ساتھ دوپٹہ، چادر یا عبایا پہننا بھی لازمی ہوگا۔

یونی ورسٹی ڈریس کوڈ میں طلبہ کے لیے بھی کہا گیا ہے کہ وہ سفید شلوار قمیض اور واسکٹ پہن کر یونی ورسٹی آئیں گے، طلبہ کو بھورے رنگ کا ڈریس پینٹ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق طلبہ و طالبات پرگرمی اور سردی دونوں موسموں میں کالے جوتے پہننا لازمی ہوگا۔

اعلامیے میں فیکلٹی ممبران کے لیے ڈریس کوڈ کی وضاحت کی گئی ہے، اُن کے لیے فارمل ڈریس اور بلیک گاؤن پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

جامعہ کوہاٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس ڈریس کوڈ پر عمل درآمد 15 مارچ سے ہوگا۔

install suchtv android app on google app store