وزیراعظم عمران خان نے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) سندھ کلیم امام کو سیکریٹری نارکوٹکس ڈویژن تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے طلب کرنے پر آئی جی سندھ کلیم امام اسلام آباد پہنچے جہاں اُن کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، اس دوران آئی جی سندھ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور اہم امور پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ کا کہنا تھاکہ میں نے اپنا کام نیک نیتی سے کیا اور میرا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے۔
کلیم امام نے مزید کہا کہ میں نے کبھی ذاتیات کو میرٹ پر ترجیح نہیں دی، حکومت پاکستان کا ملازم ہوں، پاکستان کے آئین کے مطابق کام کرنے کا پابند ہوں، اس لیے حکومت مجھے جہاں تعینات کرے، مجھے کوئی اعتراض نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور آئی جی سندھ کے درمیان ملاقات خوشگوار رہی اور وزیراعظم نے کلیم امام کو وفاق میں اہم ذمہ داریاں دینے کا عندیہ دیا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ کلیم امام کو سیکریٹری نارکوٹکس ڈویژن تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان سے آئی جی سندھ سید کلیم امام کی ملاقات pic.twitter.com/JFsceAmCUO
— PTI (@PTIofficial) January 29, 2020
خیال رہے کہ سندھ کابینہ نے 15 جنوری کو آئی جی کلیم امام کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد وفاق کی جانب سے آئی جی کا تبادلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کیا گیا تھا تاہم کابینہ نے آئی جی سندھ کی تعیناتی کا معاملہ وزیراعلیٰ اور گورنر کے سپرد کردیا۔
کابینہ کے فیصلے کے بعد سندھ حکومت نے وفاق کو یہ پیغام دیا ہےکہ نئے آئی جی کے لیے مزید نام نہیں دیے جائیں گے اور حکومت کے تجویز کردہ ناموں میں سے ہی کسی افسر کو آئی جی تعینات کیا جائے۔