17دسمبر کو پرویزمشرف کیس کا فیصلہ، بیرسٹر سلمان نے اہم پہلو اٹھالیا۔۔۔ تہلکہ خیز خبر آگئی

سابق صدر پرویزمشرف فائل فوٹو سابق صدر پرویزمشرف

بیرسٹر سلمان صفدر نے پرویزمشرف کیس سے متعلق اہم پہلو اجاگر کیا ہے اور حقائق کو واضع کیا ہے۔

سلمان صفدر کا کہنا ہےکہ پرویزمشرف کیس میں 17دسمبر تک فیصلےکا امکان نہیں، وہ علیل ہیں اور سزا نہیں ہوسکتی۔

آئین شکنی کیس میں سابق صدر کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پرویزمشرف کیس میں17دسمبر تک فیصلے کا امکان نہیں، مشرف مفرور نہیں علیل ہیں۔

سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ میرے موکل کو سزا نہیں ہوسکتی، ملک سے باہر ہو تو سزا پر عملدرآمد مشکل ہوتاہے۔

یاد رہے گذشتہ سماعت میں خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل کو آئین شکنی کیس میں دلائل دینے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ سماعت آخری بار ملتوی کی جارہی ہے، کسی بھی وکیل کی عدم حاضری پر محفوظ فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

سماعت میں پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر روسٹرم پر آئے اور کہا تھا کہ انہیں بھی سنا جائے، اس موقع پر عدالت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ کس حیثیت میں آپ کو سنیں، آپ سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ لیں، اگر اس فیصلے پر آپ کو کوئی تحفظات ہیں تو اس پر نظر ثانی دائر کریں۔

سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ ہماری معاونت سے عدالت کو آسانی ہوگی جس پر جسٹس نذر اکبر نے جواب دیا کہ ہمیں آپ کی آسانی نہیں چاہیے، آپ سپریم کورٹ کے حکم کو عزت دیں۔

خیال رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئین شکنی کیس میں وزارت داخلہ کی درخواست منظور کرلی تھی اور خصوصی عدالت کو آئین شکنی کیس کا فیصلہ سنانے سے روک دیا تھا ، ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ خصوصی عدالت کچھ دیر کیلئے پرویز مشرف کامؤقف سن لے اور پھر فیصلہ دے۔

 

install suchtv android app on google app store