پاکستان نے یمن کی صورتحال کو مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ دفترخارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت کا بھرپورحامی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات کے مثبت اقدامات کی قدر کرتا ہے اورامید رکھتا ہے کہ یہ اقدامات یمن میں پائیدار اورپرامن حل میں معاون ثابت ہوں گے، دونوں برادر ممالک کی کوششیں علاقائی امن اوراستحکام کے مشترکہ عزم کی عکاس ہیں۔
پاکستان خطے میں امن، ترقی اوراستحکام کیلئے شراکت داری کو مضبوط کرنے میں اپنا مثبت کردارادا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کریمن میں دیرپا امن قائم کرنے کی کوششوں میں شامل رہنے کا عزم رکھتا ہے۔
ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اورتعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں میں فعال کردار ادا کرے گا۔