سیاست اپنی جگہ، مگر قومی ترقی اور امن کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا: وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف فائل فوٹو وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاست ضرور کریں، مگر ملک کی ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سب کو متحد رہنا چاہیے۔ چترال میں دانش اسکول کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چترال کے حسین خطے میں آکر بے حد خوشی ہوئی، یہاں کے عوام بہادر، غیور اور محبِ وطن ہیں، جنہوں نے پاکستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ چترال کے لوگ نہایت مہذب اور پُرامن ہیں، نواز شریف ہمیشہ پورے ملک کی ترقی کے لیے کوشاں رہے اور خیبرپختونخوا کے منصوبوں میں خاص دلچسپی لیتے تھے۔

آج چترال کے عوام کے لیے خصوصی تحفہ لایا ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دانش اسکول منصوبہ کسی کا احسان نہیں بلکہ عوام کا حق ہے۔ یہاں عام آدمی کے بچے تعلیم حاصل کریں گے، اور تعلیمی معیار اعلیٰ ترین ہوگا۔

دانش اسکول میں تعلیم مکمل طور پر مفت فراہم کی جائے گی۔ وفاق چترال کے عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔

نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم دلا کر قومی اثاثہ بنایا جائے گا، جبکہ بچوں اور بچیوں دونوں کو لیپ ٹاپس بھی دیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مئی میں بھارت کے خلاف چار روزہ جنگ میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج نے جرات و بہادری کی نئی داستان رقم کی۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے شاہینوں نے بھارتی طیارے گرائے، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، جسے تاریخ سنہرے حروف میں یاد رکھے گی۔

آخر میں شہباز شریف نے کہا کہ سیاست سب کا حق ہے مگر ملک کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو مبارکباد دیتے ہوئے تعاون کی پیش کش کی اور کہا کہ امید ہے وہ اتحاد اور امن کے فروغ میں ساتھ دیں گے۔

وزیراعظم نے چترال میں اسپتال بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جاتے ہی چترال میں گیس پلانٹ کے آرڈر جاری کروں گا اور چترا ل میں فی الفور گیس پلانٹ لگایا جائےگا۔

install suchtv android app on google app store