وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور قوم کی دعاؤں سے ہم نے معاشی استحکام حاصل کیا اور معاشی استحکام کی بدولت آج ہم نے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس بجٹ کا بنیادی مقصد یہ ہےکہ معیشت کی مضبوطی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔
بجٹ اجلاس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں پاکستان کے ہر شہری کا مشکل ترین حالات میں صبر و تحمل کے مظاہرے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا عوام نے مشکلات کا سامنا کیا، ملکی معاشی استحکام کیلئے بھرپورکردار ادا کیا، وعدہ کیا تھا معاشی استحکام حاصل ہونےکے بعد اسکے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچائیں گے، الحمدللہ، اب خوشحالی کا وقت شروع ہوچکا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا مشکل دور کے بعد جس بہتری، ریلیف کا وعدہ کیا اسکا آغاز ہوچکا ہے، یہ بجٹ ریلیف کا بجٹ ہے، عوامی فلاح کا بجٹ ہے، یہ بجٹ تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنےکا بجٹ ہے، یہ برآمدات میں اضافے، زرعی ترقی، صنعتوں، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کا بجٹ ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ اس بجٹ کا بنیادی مقصد یہ ہےکہ معیشت کی مضبوطی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔