وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے اندر حتمی شکل اختیار کر لے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اس معاہدے کے تمام تر اہم نکات اگلے چوبیس گھنٹے میں فائنل ہو جائیں گے۔
ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں انہوں نے اس اہم موقع پر انکشاف کیا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے اس امن معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی تیاریاں کر رہا ہے جس کے بعد اگلے ہفتے تکنیکی سطح کے باقاعدہ مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا۔
اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، ایران کے صدر کا نام ڈاکٹر مسعود پزشکیان، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، اور امریکی صدر نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کو ٹیگ کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس اہم ترین سفارتی کامیابی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم مذاکرات کے دوران مسلسل جاری رہنے والی وابستگی اور سنجیدگی پر امریکا اور ایران دونوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے خطے کے دیگر ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن کی ان مخلصانہ کوششوں کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والا یہ تاریخی امن معاہدہ خطے میں مستقل اور دیرپا امن کے قیام کے لیے ایک انتہائی مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ کہ حتمی متن پر اتفاق رائے طے پا گیا ہے۔
اس بات کی تصدیق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی ایکس پر جاری کردہ پیغام میں کی تھی جہاں انہوں نے اس معاہدہ کو ‘اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ’ کہا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے پیغام امن کے روشن ہوتے امکانات اور میڈیا کو غلط فہمیاں پھیلانے سے دور رہنے کا پیغام دیا۔