پاکستان کوسٹ گارڈز نے سمندر میں کارروائی کرتے ہوئے اسپیڈ بوٹ سے اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے گوادر کے علاقے جیوانی سے سمندر کے ذریعے منشیات اسمگل ہونے کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسپیڈ بوٹ سے منشیات کی کھیپ برآمد کرلی۔
ملزمان پاکستان کوسٹ گارڈز (پی سی جی) کی بوٹ کو دیکھ کر اپنی اسپیڈ بوٹ سمندر کے کنارے چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جس کی چیکنگ کے دوران833کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور 42کلوگرام آئس برآمد کرلی گئی۔
پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 20.86 ملین ڈالر (تقریباً 5 ارب روپے سے زائد) بتائی جاتی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ بشمول منشیات کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردارادا کر تی رہے گی۔