آصف زرداری کی چوہدری شجاعت سے ملاقات، موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال

آصف زرداری کی چوہدری شجاعت سے ملاقات سوشل میڈیا آصف زرداری کی چوہدری شجاعت سے ملاقات

سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ق کے سربراہ کی رہائش گاہ پر پہنچ کر چوہدری شجاعت حسین سے خیریت دریافت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ملک کے اہم سیاسی امور اور موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کرانے کے اعلان پر بھی بات چیت کی گئی ۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ہونے والی ملاقات کے موقع پر چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر کو شائع کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد 30 نومبرکو حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق حتمی فہرست کے 54 دن بعد جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کرائے جائیں گے، حتمی فہرست کے بعد 54 دن کا الیکشن پروگرام ہوگا۔

واضح رہے کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن سے ملک میں جلد صاف شفاف عام انتخابات کروانے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا تھا۔

install suchtv android app on google app store