الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ سنا دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان فائل فوٹو الیکشن کمیشن آف پاکستان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کے حصول کے  لیے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

الیکشن کمیشن نے 1-4 کے تناسب سے فیصلہ جاری کیا جبکہ ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلافی نوٹ لکھا۔

مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں، اسے مخصوص نشستیں نہیں مل سکتیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بروقت ترجیحی فہرستیں جمع نہیں کروائی گئیں۔

الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے دیگر جماعتوں کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں میں ان کی سیٹوں کے تناسب سے تقسیم کی جائیں گی، اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں خالی نہیں رکھی جا سکتیں۔

سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ متفقہ طور پرسنایا گیا تاہم مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو دینے کے فیصلے سے ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلاف کیا۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد ارکان اسمبلی نے الیکشن میں کامیابی کے بعد اتحادی جماعت سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی ہے۔

اس بنیاد پر سنی اتحاد کونسل نے الیکشن کمیشن میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے درخواست دائر کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے اب تک قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے کل 226 مخصوص نشستوں میں سے 78 کی الاٹمنٹ کو روک رکھا ہے، طے شدہ فارمولے کے تحت یہ تمام نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ملنی تھیں۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی کل 60 مخصوص نشستوں میں سے الیکشن کمیشن نے اب تک 40 نشستیں مختلف سیاسی جماعتوں کو مختص کی ہیں، ان میں پنجاب کی کل 32 نشستوں میں سے 20، خیبرپختونخوا کی 10 میں سے 2، سندھ کی تمام 14 اور بلوچستان کی چاروں نشستیں شامل ہیں، اسی طرح الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں اقلیتوں کے لیے مخصوص 10 نشستوں میں سے اب تک 7 نشستیں مختص کی ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں خواتین کے لیے کل 66 مخصوص نشستوں میں سے 42 نشستیں اور 8 میں سے 5 اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستیں مختص کی جاچکی ہیں۔

سندھ اسمبلی میں الیکشن کمیشن نے خواتین کے لیے مخصوص 29 نشستوں میں سے 27 اور اقلیتوں کے لیے مخصوص 9 میں سے 8 نشستیں مختص کی ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں الیکشن کمیشن نے خواتین کے لیے کل 26 مخصوص نشستوں میں سے 5 اور اقلیتوں کے لیے مخصوص 4 میں سے ایک مخصوص نشستیں مختص کی ہے۔

بلوچستان اسمبلی میں خواتین کے لیے تمام 11 اور اقلیتوں کے لیے مخصوص 3 نشستیں پہلے ہی مختص کی جا چکی ہیں۔

install suchtv android app on google app store