سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کیلئےالیکشن کمیشن کے نئے شیڈول پرحکم امتناع کی استدعا مسترد

لاہور ہائیکورٹ فائل فوٹو لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لیے الیکشن کمیشن کے نئے شیڈول پرحکم امتناع کی استدعا مسترد کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری اقبال نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف صاحبزادہ حامد رضا کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور وکیل درخواست گزار عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے سوال کیا کہ کیا درخواست میں پنجاب حکومت کا جواب آیا ہے، اس پر ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ہمیں جواب دینے کے لیے مہلت دی جائے، مخصوص نشستوں پرکچھ ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے، دیگر نشستوں کی حد تک ہم جواب فائل کردیں گے مہلت دی جائے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے مؤقف پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے اس پر حکم امتناع دیا جائے، اس پر عدالت نے کہا کہ جواب آنے دیں دیکھ لیتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو تحریری جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی اور مخصوص نشستوں کے لیے الیکشن کمیشن کے نئے شیڈول پرحکم امتناع کی استدعا مسترد کردی۔

install suchtv android app on google app store