سابق وزیراعظم اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف گزشتہ روز لندن پہنچ گئے۔ ان کے ہمراہ صاحبزادے سلیمان شہباز اور دیگر اراکین بھی لندن پہنچے ہیں وہ آج اپنے بڑے بھائی اور پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔
شہباز شریف کی لندن آمد پر میڈیا کے نمائندے ان سے گفتگو کے لیے عمارت کے باہر کھڑے رہے لیکن وہ عقبی دروازے سے عمارت میں داخل ہوئے۔
شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ان کی وطن واپسی اور مختلف پارٹی امور پر مشاورت کریں گے، آئندہ انتخابات میں اتحادی جماعتوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
شریف برادران کی آج ملاقات میں پارٹی کے اہم رہنما اور مسلم لیگ ن کی لیگل ٹیم کے اراکین کی شرکت بھی متوقع ہے جس میں نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا اور قانونی ٹیم اس حوالے سے قانونی پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالے گی۔
واضح رہے کہ ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز ہی پارٹی کی لاہور قیادت کو لندن طلب کیا تھا جب کہ کئی اہم رہنما پہلے ہی لندن میں موجود ہیں۔