حساس تنصیبات پر حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں: رانا ثنا اللّٰہ

رانا ثنا اللّٰہ فائل فوٹو رانا ثنا اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملے گی، حساس تنصیبات پر حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ حساس تنصیبات کے حملہ آور کسی بھی طرح کلبھوشن سے کم کی سزا کے حقدار نہیں۔

فیصل آباد میں ریلی سے خطاب میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قائدین نے نوجوانوں میں نفرت کے بیج بوئے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ کسی بےگناہ بندے کو گرفتار نہیں کریں گے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یہ امریکا میں کہتے تھے کہ نواز شریف جیل میں ہے، میں اس کا کھانا اور اے سی بند کروں گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس نے نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھولا ہمیں افسوس ہو رہا ہے، یہ لوگوں کو ٹرین کرتا رہا لوگوں کو نفرت سکھاتا رہا۔

رانا ثناءاللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے نوجوانوں کو گمراہ کیا اور گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کور کمانڈر کے گھر میں لوٹ مار کی پھر آگ لگادی۔ وہاں کیمپ آفس تھا، انہوں نے دفاع کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔ یہ لوگ کلبھوشن سے کم سزاوار نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس نے نوجوانوں کو نفرت کی آگ میں اندھا کردیا، نوجوانوں کو تو علم ہی نہیں تھا کہ وہ احتجاج کےلیے کدھر جارہے ہیں۔

رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ یہ ملک دشمن ہے ملک کی سیاست میں نفرت کا بیج بویا، اس میں سیاستدانوں والی بات نہیں، مذاکرات تو سیاستدانوں سے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معافی صرف ان کو ملے گی جن کا جرم قابل معافی ہے، اس بدبخت نے ملک کو حادثہ سے دوچار کرنا تھا اس نے اپنی جماعت کو حادثہ سے دوچار کردیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ جب برسر اقتدار تھے تو کہتے تھے ن لیگ کو سیاست نہیں کرنے دیں گے۔ ایک بار تو یہ بھی کہا کہ اسلام آباد آیا تو رانا ثناءاللّٰہ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

 

install suchtv android app on google app store