حکومت سے مذاکرات ناکام ہوئے تو تاریخی لانگ مارچ ہوگا: فواد چوہدری

فواد چوہدری فائل فوٹو فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے انتخابات کے حوالے سے حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ناکامی کی صورت میں لانگ مارچ کا عندیہ دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مذاکرات کی کامیابی چاہتی ہے لیکن ناکامی کی صورت میں حکمت عملی مرتب کرلی ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ آئین کو ردی کا ٹکڑا اور عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھ لیا جائے اور تحریک انصاف خاموش بیٹھ جائے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں عوام بڑی تحریک کیلئے تیار ہو جائیں، تحریک کا آغاز کل لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں ریلی سے ہو رہا ہے، اس کا نقطہ عروج ایک تاریخی لانگ مارچ ہو گا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی پر تنقید کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ جو خود غیر آئینی اور غیر قانونی ہے کیسے کہ سکتا ہے کسی کو غیر قانونی کام نہیں کرنے دیں گے؟ سپریم کورٹ ہمارے کیس کا فیصلہ کرے کہ نوے دن کے بعد نگران حکومتیں کیسے قائم رہ سکتی ہیں؟

فواد چوہدری نے مزید کہا ہے کہ آٹا اسکیم میں کرپشن پر چئرمین نیب شاہد خاقان عباسی کے بیان ہر تحقیقات کا آغاز کریں اور پنجاب حکومت کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔

install suchtv android app on google app store