سندھ میں گورنرراج نافذ کریں، وزیرداخلہ شیخ رشید کا وزیراعظم کو مشورہ

شیخ رشید احمد فاہل فوٹو شیخ رشید احمد

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیراعظم کو سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کا مشورہ دیدیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں سندھ میں گورنر راج نافذ کردینا چاہئے، سندھ ہاؤس ایکسپوز ہوگیا ہے، سندھ کے پیسوں کو اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ آج قوم اور ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ ایک طرف چور، اچکے اور لوٹ مار کرنے والے اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کیلئے ایک ہوگئے ہیں، کبھی وہ قومی حکومت اور کبھی ٹیکنو کریٹ حکومت کی بات کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ساری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، 27 تاریخ کو عوام کا سمندر ڈی چوک آئے گا، عمران خان کو سندھ میں گورنر راج لگانے کا مشورہ دیا ہے، یہ جمہوریت کیخلاف سازش ہے، جو اپنے ضمیر سے ووٹ دینے آنا چاہتا ہے وہ بے شک آئے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ سندھ ہاؤس میں پولیس لانچ نہیں کررہے، یہ لوگ پیسوں کی لالچ میں گئے ہیں، یہ جانیں اور ان کے علاقوں کے لوگ جانیں، یہ بکنے اور بکنے والے لوگ ہیں، انہیں بے نقاب کرنے پر تمام چینل کا مشکور ہوں۔

صحافیوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان گورنر راج لگا سکتے ہیں، میں نے اپنی بات کردی، اب فیصلہ ان کے ہاتھ میں ہے، تحریک عدم اعتماد کیلئے اجلاس 31 مارچ یا یکم اپریل کو ہوسکتا ہے

install suchtv android app on google app store