سونف ایک عام جڑی بوٹی ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں، اس کے چھوٹے چھوٹے ہرے دانے انسانی مجموعی صحت اور خوبصورتی کے لیے بیش بہا فوائد اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں۔
غذائی ماہرین جڑی بوٹی کے مطابق سونف معدے کی کارکردگی اور اس کی صفائی، مضر صحت مادوں کے جسم سے اخراج، خون کی صفائی، آنتوں کی صحت اور جلد کے لیے بے حد فائدہ مند ہے، یہ کیل مہاسوں کا سبب بننے والے ہارمونز کی افزائش کو روکتی ہے، سونف خواتین میں ہارمونز کے بگاڑ کو متوازن بناتی ہے، یہ وٹامن سی، اے اور غذائی ریشہ کا بہترین ذریعہ ہے، سونف خصوصاً وزن کم کرنے کے لیے ایک بہترین جڑی بوٹی ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق جہاں سونف کے خوبصورتی پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں وہیں یہ صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہے، بے شمار وٹامنز اور منرلز سے بھرپور سونف صرف بیماریوں کا ہی علاج نہیں کرتی بلکہ اس سے بنایا گیا قہوہ بھی لاتعداد فوائد فراہم کرتا ہے۔
ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ جو افراد اپنے وزن میں تیزی سے کمی چاہتے ہیں ان کے لیے سونف کا قہوہ کسی جادوئی مائع سے کم نہیں ہے۔
سونف میں وٹامن اے اور سی بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے جس کے سبب اس کا استعمال بینائی کی حفاظت کرتا ہے، غذائی ماہرین کے مطابق سونف پیس کر اس کا قہوہ بنا کر پینے سے کمر درد میں بہتری آتی ہے، سونف گردے اور مثانے کا ورم دور کرنے میں بھی مدد فراہم کر تی ہے، فرحت بخش احساس دلانے والی سونف کا استعمال دماغ کی کمزوری اور یادداشت کے لیے بہترین دوا ہے، سونف چبانے سے بیٹھی ہوئی آواز ٹھیک ہو جاتی ہے۔
سونف اور اس سے بنا قہوہ دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے بھی بہت مفید قرار دیا جاتا ہے، اس کے استعمال سے دودھ کی مقدار بھی بڑھتی ہے۔
سونف سے بنا قہوہ پینے کے صحت پر مثبت اثرات:
سونف سے بنے قہوے میں ایسے منرلز پائے جاتے ہیں جو انسانی دماغ کو سکون پہنچاتے ہیں اور پُر سکون نیند کا سبب بنتے ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق جو افراد اچھی اور پُرسکون نیند سوتے ہیں ان کا وزن نہیں بڑھتا اور نہ ہی ذہنی دباؤ جیسی شکایات کا جَلد شکار ہوتے ہیں۔
سونف سے بنے قہوے کا ایک گلاس پی لینے سے کافی دیر تک بھوک نہیں لگتی ، سونف میں موجود ضروری معدنیات انسانی پیٹ کو بہت دیر تک بھرا رکھتے ہیں جس سے انسان بے وجہ کا کھانا کھانے سے بچ جاتا ہے ور کم کیلوریز کھانے کے سبب وزن میں کمی آتی ہے۔
سونف کے قہوے کے مستقل استعمال کے نتیجے میں جسم کو زنک اور کیلشیم جیسے قیمتی معدنیات ملتے ہیں، یہ معدنیات ہارمونز کو متوازن کرنے اور آکسیجن کے توازن کو برقرار رکھنے میں بہت مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
سونف کا قہوہ پینے کے سبب بلڈ پریشر متوازن رہنے میں مدد ملتی ہے۔
سونف کا قہوہ بنانے کا طریقہ:
جس طرح سبز پتی کو پانی میں جوش دلا کر سبز چائے بنائی جاتی ہے بالکل اسی طرح سونف کو بھی پانی میں پکا کر، چھان کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سونف کے قہوے کو مزید فائدہ مند بنانے کے لیے اس میں کچن میں موجود اور بھی غذائی اجزاء شامل کیے جا سکتے ہیں جیسے کہ دار چینی، سفید زیرہ، اجوائن، الائچی وغیرہ۔
سونف سے بنے قہوے کا ذائقہ بہتر بنانے کے لیے اس میں حسب ذائقہ شہد اور لیموں کے چند قطرے بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔