گلوکار و اداکار فرحان سعید نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں دو بھارتی فلموں میں کام کی آفرز ملی تھیں، تاہم انہوں نے یہ پیشکشیں قبول کرنے کے بجائے مسترد کر دی تھیں۔ حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں فرحان سعید نے اپنے کیریئر اور مختلف تجربات پر کھل کر گفتگو کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں ابتدا میں اداکاری کا کوئی خاص شوق نہیں تھا۔ جب وہ میوزک بینڈ ’جل‘ سے علیحدہ ہوئے تو بھارتی فلموں کے لیے گانے ریکارڈ کرانے بھارت گئے، جہاں انہوں نے ’نام وفا‘ اور ’تو تھوڑی دیر اور ٹھہر جا‘ کی ریکارڈنگ مکمل کی۔
فرحان سعید کے مطابق اسی دوران انہیں دو فلموں میں اداکاری کی پیشکش ہوئی، لیکن چونکہ وہ اس فن سے زیادہ واقف نہیں تھے، اس لیے انہوں نے یہ آفرز ٹھکرا دیں۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصے بعد انہیں ڈراما ’دے اجازت دو‘ کی آفر ملی تو انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ آزما کر دیکھا جائے۔
یہی ان کا اداکاری کی دنیا میں پہلا قدم تھا، اور پھر وقت گزرنے کے ساتھ انہیں اس کام میں مزہ آنا شروع ہوگیا۔
فرحان سعید نے بتایا کہ پہلی بار خود کو اسکرین پر دیکھ کر انہیں محسوس ہوا کہ وہ اس سے بہتر کام کر سکتے تھے، اور یہی احساس انہیں مزید محنت کی طرف لے گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعد ازاں انہیں رمضان اسپیشل ڈراما ’سنو چندا‘ ملا، جس نے انہیں بطور اداکار پہچان دی۔
فرحان کا کہنا تھا کہ ’سنو چندا‘ کی کامیابی کا اندازہ نہ چینل کو تھا، نہ ہدایتکار کو، اور نہ ہی اداکاروں کو۔ لیکن نشر ہونے کے بعد یہ ڈراما غیر معمولی مقبول ہوا اور آج بھی پسند کیا جاتا ہے۔
فرحان سعید نے مزید بتایا کہ ’سنو چندا‘ کے سیزن 3 کے بارے میں ان سے سب سے زیادہ سوالات کیے جاتے ہیں کہ یہ کب آئے گا اور یہ ان سے سب سے زیادہ پوچھا جانے والا سوال ہے، لیکن وہ خود بھی نہیں جانتے کہ سیزن 3 کب شروع ہوگا۔
اداکار کے مطابق ان کا خیال ہے کہ جتنا یہ طوالت کا شکار ہوتا جارہا ہے، اتنے ہی اس کے آنے کے امکانات میں کمی آتی جارہی ہے۔