پاکستان کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے عوام سے آوارہ کتوں کی دیکھ بھال کرنے کی اپیل کی ہے۔
ثانیہ سعید پاکستان کے ان فنکاروں میں سے ہیں جو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جانوروں کے حقوق سے متعلق بات کرتی ہیں، ان پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھاتی ہیں اور ساتھ ہی لوگوں کی جانب سے گلی کی بلیوں اور کتوں کے ساتھ اپنائے جانے والے دلخراش رویے پر بھی بولتی ہیں۔
اب بھی اداکارہ کی جانب سے ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
ثانیہ سعید نے اس ویڈیو میں کہا کہ 'اگر میں بھی کئی دن سے بھوکی ہوں اور لوگ مجھ سے اچھائی کی امید رکھیں تو یہ ناممکن ہوگا، میں بھی ماروں گی اور کاٹوں گی'۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا 'کتوں سے یہ امید کیوں رکھی جاتی ہے کہ وہ دنوں سے بھوکے ہوں، پیاسے ہوں، مارے پیٹے گئے ہوں لیکن وہ ہم سے اچھا رویہ رکھیں، یہ زیادتی نہیں ہے؟'
ثانیہ سعید نے اپنی مثال دی کہ جب میں چھوٹی تھی تو عام بات تھی کہ گھر میں کتوں کے لیے ایک اضافی روٹی بنائی جاتی تھی، پرندوں کے لیے چھت کے اوپر دانا اور پانی رکھتے تھے،ہر کسی نے نہ جانے کتنے ایسے سبق پڑھے اور کہانیاں سنیں جن میں پرندوں کے لیے دانا پانی اور کتوں کے لیے روٹی اور کھانا رکھنے کی باتیں تھیں لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔
اداکارہ کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہورہی ہے جس پر صارفین نے ملا جلا ردعمل دیا، کچھ لوگوں نے ثانیہ سعید کی بات سے اتفاق کیا تو کئی اختلاف کرتے نظر آئے۔