ڈائنا سور کے 16 کروڑ سال پرانے پیروں کے نشان ایک ساحل پر دریافت کیے گئے ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے علاقے نارتھ یارک شائر کے ساحل پر سیپیاں ڈھونڈنے کے لیے جانے والی ایک خاتون نے یہ نشان دریافت کیے۔
رپورٹس کے مطابق یہ نشان ممکنہ طور پر 2 ٹانگوں پر چلنے والے therapod ڈائنا سور کے ہو سکتے ہیں۔ پیروں کے نشان سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ ڈائنا سور ممکنہ طور پر بہت بڑا ہوگا۔
اس حوالے سے شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ نشان اس وقت بنے ہوں گے جب ڈائنا سور آرام کرنے کے لیے ساحل پر رکا ہوگا۔
ماری ووڈ نامی خاتون نے اسے دریافت کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے یہ نشان دیکھ کر یقین نہیں آیا، میں نے اس سے قبل کچھ چھوٹے نشانات دیکھے تھے مگر اتنا بڑا نشان کبھی نہیں دیکھا'۔
محققین نے بتایا کہ یہ سوچ کر اچھا لگتا ہے کہ یہ ڈائنا سور ساحل پر گھومنا پسند کرتا تھا۔
یارک شائر کے اس ساحلی حصے کو جراسک کوسٹ بھی کہا جاتا ہے جہاں ماضی میں بھی ڈائنا سور کے پیروں کے نشانات اور فوسلز دستیاب ہوچکے ہیں۔
مگر ایسی دریافت پہلے کبھی نہیں ہوئی اور اسے محفوظ رکھنے کے لیے میوزیم میں منتقل کیا جائے گا۔