پاکستان میں فلبرائٹ اسکالرشپ پروگرام 2027 کے لیے درخواستیں کھول دی گئی ہیں، جس کے تحت منتخب طلبہ کو مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس اسکالرشپ میں ٹیوشن فیس، رہائش، ماہانہ وظیفہ، طبی بیمہ، فضائی سفر اور ویزا فیس سمیت تمام اخراجات شامل ہیں۔
یہ پروگرام پاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم، تحقیقی مواقع اور بین الاقوامی روابط فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔ 1950 سے جاری یہ تعلیمی و ثقافتی تبادلہ پروگرام امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلیمی تعلقات کا ذریعہ رہا ہے۔
یونائیٹڈ اسٹیٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کے مطابق اب تک 9 ہزار سے زائد پاکستانی اور تقریباً 1 ہزار امریکی طلبہ اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں۔
انتخاب کا معیار
امیدواروں کا انتخاب درج ذیل بنیادوں پر کیا جائے گا:
-
تعلیمی کارکردگی
-
جی آر ای اور دیگر امتحانات کے نتائج
-
قائدانہ صلاحیت
-
پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا جذبہ
پروگرام میں تمام تعلیمی شعبہ جات شامل ہیں، تاہم سائنس، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، تجارت و معیشت، قدرتی وسائل کے انتظام اور نان کلینیکل پبلک ہیلتھ کو ترجیح دی جائے گی۔
یونائیٹڈ اسٹیٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران نے طلبہ کو درخواست دینے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام گزشتہ 75 برسوں سے علمی معیار کو فروغ دے رہا ہے اور اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کر رہا ہے۔
دلچسپی رکھنے والے طلبہ یکم اپریل 2026 تک USEFP کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔