جاپان نے پاکستانی اساتذہ کیلئے سکالرشپ کا اعلان کر دیا

حکومتِ جاپان فائل فوٹو حکومتِ جاپان

حکومتِ جاپان نے پاکستانی اساتذہ کے لیے میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ 2026 کا اعلان کر دیا ہے۔

اس اسکالرشپ کے تحت ایسے اساتذہ کو موقع فراہم کیا جائے گا جو اسکول ایجوکیشن کے شعبے میں تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں اور جاپان کی جامعات میں تدریسی نظام کا عملی تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

جاپان میں برف جمی سڑک پر 67 گاڑیاں ٹکرا گئیں، 2 افراد ہلاک

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق منتخب امیدوار جاپان کی کسی یونیورسٹی میں نان ڈگری ٹیچرز ٹریننگ اور ریسرچ پروگرام میں حصہ لیں گے۔

یہ پروگرام بیچلرز، ماسٹرز یا پی ایچ ڈی ڈگری پر مشتمل نہیں ہوگا بلکہ اسے مکمل طور پر پیشہ ورانہ تربیت اور اسکول ایجوکیشن میں تحقیق کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ پروگرام کی کامیاب تکمیل پر شرکا کو سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

یہ اسکالرشپ جاپان کی وزارتِ تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی (میکسٹ) کی جانب سے پیش کی جا رہی ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پروگرام کا آغاز عموماً اکتوبر میں ہوتا ہے جبکہ تدریسی سرگرمیوں سے قبل جاپانی زبان کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی، کیونکہ زیادہ تر کورسز اور تحقیقی رہنمائی جاپانی زبان میں کی جاتی ہے۔

اہلیت کے معیار کے مطابق درخواست گزار کی تاریخ پیدائش 2 اپریل 1991 یا اس کے بعد کی ہونی چاہیے۔ امیدوار کے پاس یونیورسٹی ڈگری یا ٹیچر ٹریننگ کی اہلیت ہونا لازمی ہے اور یکم اکتوبر 2026 تک پرائمری یا سیکنڈری سطح پر، یا کسی ٹیچر ٹریننگ ادارے میں کم از کم پانچ سالہ تدریسی تجربہ ہونا ضروری ہے۔

تاہم یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اس اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔

جاپان ،فیکٹری میں چاقو سے حملہ، 14 افراد زخمی

اس کے علاوہ امیدوار میں یہ صلاحیت بھی ہونی چاہیے کہ وہ تقریباً 18 ماہ تک غیر ملکی ثقافتی ماحول میں رہ کر تعلیم اور تحقیق کر سکے، ساتھ ہی جاپانی زبان سیکھنے کی آمادگی بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 فروری 2026 ہے، جبکہ مزید تفصیلات اور درخواست دینے کا مکمل طریقہ کار پاکستان میں جاپان کے سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

install suchtv android app on google app store