مسافر طیارہ پرواز کے دوران حادثے کا شکار، 11افراد ہلاک

مسافر طیارہ پرواز کے دوران گر گیا فائل فوٹو مسافر طیارہ پرواز کے دوران گر گیا

 انڈونیشیا کے صوبے جنوبی سولاویسی میں ماہی گیری کی نگرانی پر مامور ایک چھوٹا مسافر طیارہ پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار تمام 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اے ٹی آر 42-500 طیارہ انڈونیشیا ایئر ٹرانسپورٹ کی ملکیت تھا اور اسے وزارت بحری امور و ماہی گیری نے فضائی نگرانی کے لیے چارٹر کیا تھا۔

یہ طیارہ ہفتے کے روز یوگیاکارتہ سے مکاسر کے لیے روانہ ہوا تاہم دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب ماروس کے علاقے کے اوپر فضائی کنٹرول سے اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

رابطہ ٹوٹنے کے فوری بعد سرچ اور ریسکیو اداروں نے ہیلی کاپٹرز، ڈرونز اور زمینی ٹیموں کی مدد سے تلاش کا عمل شروع کیا۔ اتوار کی صبح امدادی ہیلی کاپٹر کے عملے نے ماؤنٹ بُلوساراؤنگ کے قریب مختلف مقامات پر ملبہ دیکھا۔

حکام کے مطابق صبح 7 بج کر 46 منٹ پر جہاز کی کھڑکی کے ٹکڑے نظر آئے جبکہ چند ہی منٹ بعد طیارے کے بڑے حصے اور دم پہاڑ کی ڈھلوان کے نیچے پائے گئے۔ بعض مقامات پر چھوٹی آگ کے آثار بھی دیکھے گئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی جگہ انتہائی دشوار گزار پہاڑی علاقے میں واقع ہے جہاں شدید دھند اور تیز ہواؤں کے باعث امدادی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

جنوبی سولاویسی کی ریسکیو ایجنسی نے متاثرہ علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کے لیے 1200 اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکام کے مطابق طیارے میں آٹھ عملے کے ارکان اور تین مسافر سوار تھے جو وزارت کے اہلکار تھے، اور تمام افراد حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق طیارہ کم بلندی پر سمندر کے اوپر پرواز کر رہا تھا جس کی وجہ سے اس کی نگرانی محدود رہی، جبکہ آخری سگنل مکاسر ایئرپورٹ سے تقریباً 20 کلومیٹر شمال مشرق میں موصول ہوا تھا۔

انڈونیشیا کی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی حادثات عموماً کئی تکنیکی اور موسمی عوامل کے باعث پیش آتے ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store