یلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور دنیا میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اورپاکستان وانڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آرنے بتایا کہ دونوں فریقین نے تربیت، دفاعی صنعت اورادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زوردیا، پاک افواج کی پیشہ ورانہ کارکردگی اوردہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو انڈونیشیا کی جانب سے سراہا گیا۔
ملاقات کے دوران انڈونیشیا نے پاکستان کیساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انڈونیشیا کے ساتھ دیرپا اور مستحکم دفاعی تعلقات برقرار رکھنے کے عزم کی تصدیق کی۔
دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو فروغ دینے اورعلاقائی امن و سلامتی کے لئے کام کرنے پراتفاق کیا۔