سڈنی واقعہ: حملہ آور بھارتی شہری نکلا، پولیس کی تصدیق

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع بونڈی بیچ پر حملہ کرنے والا شخص ساجد اکرم بھارتی شہر حیدرآباد سے تعلق رکھتا تھا فائل فوٹو آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع بونڈی بیچ پر حملہ کرنے والا شخص ساجد اکرم بھارتی شہر حیدرآباد سے تعلق رکھتا تھا

بھارتی پولیس کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع بونڈی بیچ پر حملہ کرنے والا شخص ساجد اکرم بھارتی شہر حیدرآباد سے تعلق رکھتا تھا اور وہ نومبر 1998 میں تعلیم کی غرض سے آسٹریلیا منتقل ہوا تھا۔ اتوار کو ہونے والے اس حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو چکی ہے، جن میں حملہ آور بھی شامل ہے۔

آسٹریلوی پولیس کے مطابق 50 سالہ ساجد اکرم پولیس فائرنگ میں ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا 24 سالہ بیٹا اور مبینہ ساتھی نوید اکرم گولی لگنے سے زخمی ہوا اور اس وقت اسپتال میں تشویشناک حالت میں زیرِ علاج ہے۔

بھارتی ریاست تلنگانہ کی پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ساجد اکرم کا تعلق بھارت کے شہر حیدرآباد سے تھا۔

پولیس کے مطابق اس نے حیدرآباد سے بی کام کی ڈگری مکمل کی اور بعد ازاں روزگار کی تلاش میں نومبر 1998 میں آسٹریلیا منتقل ہوا۔

تلنگانہ پولیس کے مطابق ساجد اکرم نے آسٹریلیا میں قیام کے دوران اسٹوڈنٹ ویزا پر یورپی نژاد خاتون ونیرا سے شادی کی اور بعد میں وہیں مستقل رہائش اختیار کر لی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ساجد اکرم کے پاس بھارتی پاسپورٹ تھا، جبکہ اس کے دونوں بچے، جن میں مبینہ حملہ آور نوید اکرم بھی شامل ہے، آسٹریلیا میں پیدا ہوئے اور آسٹریلوی شہریت رکھتے ہیں۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں موجود ساجد اکرم کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ان کا ’گزشتہ 27 برس سے حیدرآباد میں اپنے خاندان سے محدود رابطہ رہا۔ وہ آسٹریلیا منتقل ہونے کے بعد چھ بار بھارت آئے۔

تلنگانہ پولیس کے مطابق خاندان کے افراد نے کہا ہے کہ انہیں ساجد اکرم کے انتہا پسند نظریات یا سرگرمیوں کے بارے میں کوئی علم نہیں۔

بھارتی پولیس نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ساجد اکرم اور ان کے بیٹے نوید شدت پسندی کی طرف کیوں مائل ہوئے اس کا ’بھارت یا تلنگانہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘

تلنگانہ پولیس کے مطابق 1998 سے قبل بھارت میں قیام کے دوران ساجد اکرم کے خلاف کوئی کریمینل ریکارڈ نہیں۔

install suchtv android app on google app store