امریکی ریاست فلوریڈا کے ہائی وے پر ایک چھوٹا طیارہ انجن میں خرابی سامنے آنے کے بعد چلتی کار پر جاگرا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق دل دہلادینے والا واقعہ فلوریڈا کے ہائی وے پر رواں ہفتے پیش آیا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلوریڈا ہائی وے پر حادثے کا شکار ہونیوالے بیچ کرافٹ 55 ہوائی جہاز میں ایک پائلٹ اور مسافر سوار تھے جس دوران طیارے کو انجن میں خرابی کا سامنا کرنا پڑا اور طیارے نے ہائی وے پر چلتی کار پر کریش لینڈنگ کردی۔
حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار پائلٹ اور مسافر دونوں محفوظ رہے تاہم کار میں موجود 57 سالہ خاتون کو معمولی چوٹیں آئیں جسے فوراً اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے کی ویڈیو میں جہاز کو ایک مصروف سڑک پر تیزی سے لینڈنگ کے دوران گاڑی کے اوپر ٹکراتے اور پھر ہائی وے پر گرتے دیکھا جاسکتا ہے اس دوران جہاز سے نکلنے والی چنگاریاں اور ملبہ بھی فضا میں اڑتے دیکھا گیا۔
فلوریڈا حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ساتھ ہی انجن میں خرابی کی وجوہات بھی جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔