بین الاقوامی فلم فیسٹیول، پاکستان کے ثقافتی رنگوں کی دھوم مچ گئی!

پاکستانی ثقافت کے رنگ بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں جگمگانے لگے فائل فوٹو پاکستانی ثقافت کے رنگ بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں جگمگانے لگے

پاکستان نے ایران کے تاریخی شہر شیراز میں 43ویں فجر فلم فیسٹیول میں بھرپور ثقافتی نمائندگی کی۔

وزارت قومی ورثہ و ثقافت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے بطور خصوصی مہمان فیسٹیول میں شرکت کی اور معروف پاکستانی فلم سازوں کے ہمراہ تقریبات میں حصہ لیا۔

وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ایران قریبی پڑوسی ہیں اور ہمارے مضبوط سماجی، ثقافتی، مذہبی اور بھائی چارے کے تعلقات ہیں۔ انہوں نے سینما کو کسی بھی ملک کی ثقافت اور اقدار کو فروغ دینے کا طاقتور ذریعہ قرار دیا۔

فیسٹیول میں پہلی بار تین پاکستانی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئیں، جنہیں شائقین کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔ وزیر نے فیسٹیول کے تمام پروگراموں میں بھرپور حصہ لیا اور پاکستان پویلین کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی سینما فاؤنڈیشن کے چیئرمین سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر نے ایرانی اہلکار کو پاکستان مدعو کیا اور مشترکہ سینمایی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی اور مضبوطی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان سینمایی تبادلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی فلموں کی پاکستان میں نمائش اور پاکستانی فلموں کی ایران میں نمائش عوام کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط کرے گی۔

پاکستانی سفارتخانے نے کہا کہ فجر فلم فیسٹیول میں پاکستان کی شراکت دوطرفہ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

install suchtv android app on google app store