کھانے میں غلطی سے نمک کی جگہ چینی ڈالنا تو آپ نے سنا بھی ہوگا اور شاید خود بھی کیا ہو، لیکن پانی کی جگہ کھانے میں تیزاب ڈالنے کا آپ نے یقیناً کبھی نہیں سنا ہوگا۔
یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں جہاں خاتونِ خانہ نے پانی سمجھ کر تیزاب سے کھانا پکا ڈالا۔
پولیس کے مطابق واقعہ رتنیسور بتی کے رہائشی سانتو کے گھر پیش آیا، جو پیشے کے اعتبار سے چاندی کا کاریگر ہے۔
گھر میں چاندی صاف کرنے والا تیزاب ایسے برتن میں رکھا گیا تھا جو پانی کے برتن جیسا تھا، جس کی وجہ سے خاتون نے غلطی سے وہی تیزاب کھانا پکانے میں استعمال کر لیا۔
اہلِ خانہ میں شامل 6 افراد نے دوپہر کا کھانا کھانے کے کچھ ہی دیر بعد طبیعت میں گڑ بڑ محسوس کیا، جس کے بعد شدید پیٹ درد، الٹیاں اور سانس لینے میں دقت جیسی علامات ظاہر ہوئیں۔
متاثرین میں 3 بچے اور 3 بالغ شامل ہیں، جنہیں ابتدائی طور پر گھاٹال اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایک بچے کی حالت اسپتال لاتے وقت تشویشناک بتائی گئی۔
گھاٹال اسپتال کے ڈاکٹروں نے فوری طور پر وجہ معلوم کرکے ابتدائی علاج کیا، تاہم صورتحال نازک ہونے پر تمام مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کے لیے کولکتہ منتقل کر دیا گیا۔
حکام نے واقعے کے بعد علاقے کے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ گھر میں موجود تمام کیمیکل یا تیزاب ایسے مقامات پر رکھے جائیں جہاں غلطی کا امکان نہ ہو اور بچے ان تک رسائی نہ حاصل کر سکیں۔
اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کی تازہ حالت سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔