دبئی ایئر شو میں بھارتی لڑاکا طیارہ ’تیجس‘ دورانِ مظاہرہ تباہ

دبئی ایئر شو میں جمعے کی دوپہر بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ’تیجس‘ فضائی کرتب دکھاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق ایئر شو کے دوران طیارہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکا اور مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 10 منٹ پر زمین سے ٹکرا کر تباہ ہوا، جس کے بعد ایئر شو کو فوری طور پر معطل کردیا گیا۔

حادثہ ایئرپورٹ کے قریب اس مقام پر پیش آیا جہاں شائقین کی بڑی تعداد فضائی ڈسپلے دیکھنے موجود تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارے کے زمین سے ٹکراتے ہی گھنے سیاہ دھوئیں کے بادل فضا میں پھیل گئے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ایئرفورس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

مختصر بیان میں کہا گیا: ’بھارتی فضائیہ کا تیجس دبئی ایئر شو 25 کے دوران کریش ہوا ہے، مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پائلٹ طیارے کے زمین سے ٹکرانے سے پہلے جہاز سے نکل پایا یا نہیں۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجہ معلوم کی جا سکے۔

install suchtv android app on google app store