سعودی عرب کے جیولوجیکل سروے نے حرۃ الشاقہ کے علاقے میں زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق، زلزلہ نگرانی نیٹ ورک کے مراکز نے شام کے وقت جھٹکے محسوس کیے۔ ادارے کے بیان کے مطابق، جھٹکوں کا مرکز حرۃ الشاقہ کے شمال مغرب میں تقریباً 86 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔
ریکٹر اسکیل پر جھٹکوں کی شدت 3.43 ڈگری ریکارڈ کی گئی، تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ادھر، گزشتہ ہفتے بنگلادیش میں 5.7 شدت کے زلزلے نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا تھا۔ زلزلے کے جھٹکے ڈھاکا اور دیگر شہروں میں محسوس کیے گئے، جبکہ کولکتہ سمیت مشرقی بھارت کے کئی علاقوں میں بھی اس کے اثرات دیکھے گئے۔
بنگلادیش محکمہ موسمیات کے مطابق، زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 38 منٹ پر آیا، جس کا مرکز نرسنگدی ضلع میں تھا، جو ڈھاکا سے تقریباً 50 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ بنگلادیش میں زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔