بھارتی ریاست تامل ناڈو میں طوفانی بارش کے ساتھ مگرمچھ سڑک پر آگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تامل ناڈو میں سمندری طوفان ’مائچونگ‘ نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 10 ہوگئی جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔
سمندری طوفان مائچونگ تامل ناڈو کے ساحل سے ٹکرا گیا جس کے بعد سے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔
چنائی میں سڑکیں زیر آب آگئیں اور بارش نے سیلابی ریلے کی کیفیت اختیار کرلی۔ ایئرپورٹ کا رن وے بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگا جس کے باعث آج کی تمام پروازیں منسوخ کرنا پڑیں جبکہ سڑک پر کھڑی متعدد گاڑیاں بھی تیرتی دکھائی دیں۔
اسی دوران چنائی شہر کے مرکزی علاقے میں ایک سڑک پر خطرناک مگرمچھ کو مٹر گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ مگر مچھ کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو اداروں نے مگر مچھ کی تلاش شروع کردی تاہم انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ ریسکیو اداروں کی جانب سے علاقہ مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔