بھارتی لیجنڈری کرکٹر اور سابق کپتان سچن ٹنڈولکر بھی ڈیپ فیک ویڈیو کا شکار ہوگئے۔
لیجنڈری کھلاڑی سے قبل ان کی بیٹی سارہ ٹنڈولکر اور مختلف بھارتی اداکارائیں بھی جعلی ویڈیوز اور تصاویر کا شکار ہوچکی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر نے اپنی جعلی ویڈیو بھی شیئر کی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے جعلی ویڈیوز اور تصاویر کے خلاف اور ان کی روک تھام کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی ہوئی جعلی ویڈیو میں کھلاڑی کو آن لائن گیمنگ ایپ کی تشہیر کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
گیمنگ ایپ کی تشہیر کے لیے بنائی گئی مذکورہ جعلی ویڈیو میں سچن ٹنڈولکر کی ویڈیو اور آواز کا استعمال کیا گیا ہے۔
سابق کھلاڑی نے اپنے مداحوں کو جعلی ویڈیو کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ ویڈیوز جعلی ہے۔
انہوں نے ٹیکنالوجی کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ مسلسل ٹیکنالوجی کا غلط استعمال ہوتا ہوا دیکھنا پریشان کن ہے۔ میری صارفین سے درخواست ہے کہ اس طرح کی تمام ایپس، اشتہارات اور ویڈیوز کو بڑی تعداد میں رپورٹ کریں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی اپیل کی ہے کہ اس طرح کی جعلی ویڈیوز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
انہوں نے لکھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو صارفین کی شکایات پر چوکنا اور جوابدہ رہنے کی ضرورت ہے، ان کی جانب سے کئے گئے فوری اقدامات ہی اس طرح کی ڈیپ فیک اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔