یونان: تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 59 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ

حکام کے مطابق ایک سو سے زائد افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ فوٹو: عالمی میڈیا حکام کے مطابق ایک سو سے زائد افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

یونان کے جنوبی ساحل پر تارکین وطن کو لے جانے والی ماہی گیروں کی ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 59 افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونانی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ یونان میں جنوبی پیلوپونیس کے علاقے سے تقریباً 75 کلومیٹر جنوب مغرب میں رات کے وقت پیش آنے والے اس حادثے کے بعد اب تک 104 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں: نائجیریا: باراتیوں کی کشتی اُلٹنے سے 100 سے زائد افراد ہلاک

یونان کے کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کشتی پر کتنے افراد سوار تھے اور سمندر میں ابھی تک کتنے لاپتہ ہو سکتے ہیں۔

سرچ آپریشن میں کوسٹ گارڈ کے چھ بحری جہاز، بحریہ کا ایک بیڑہ، ایک ملٹری ٹرانسپورٹ طیارہ، فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر اور کئی نجی جہاز شامل ہیں۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق 2023ء کے آغاز سے اب تک سات ہزار سے زائد تارکین وطن کو سمندری راستوں میں روک کر لیبیا واپس بھیجا گیا۔ اس ایجنسی کے مطابق رواں برس صرف لیبیا سے یورپ جانے کی کوشش میں 600 سے زیادہ افراد ڈوب کر ہلاک ہوئے اور 368 افراد لاپتہ ہیں۔

اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین کے مطابق اسی عرصے کے دوران پچاس ہزار سے زیادہ تارکین وطن اٹلی کے ساحل پر پہنچے، جن میں سے بائیس ہزار سے زیادہ کا تعلق لیبیا سے تھا۔

 

install suchtv android app on google app store